بنگلورو،30جولائی(ایس او نیوز)گجرات میں اپنے 6 اراکین اسمبلی کے ٹوٹنے سے پریشان کانگریس نے 2اور ممبران اسمبلی کو بنگلور بھیج دیا ہے،اب کل 42ممبر اسمبلی بنگلور پہنچ چکے ہیں۔شکتی سنگھ گوہل اور جیتو چودھری آج صبح بنگلور کے ریزورٹ پہنچے۔اس سے پہلے سنیچر کو 40ممبران اسمبلی کو بنگلور بھیجا گیا تھا۔راجیہ سبھا انتخابات تک تمام ممبران اسمبلی کو یہاں رکھا جائے گا۔ہفتہ کو دو جتھے میں کانگریسی رکن اسمبلی بنگلور پہنچے۔پہلے 31ممبر اسمبلی انڈگو کی فلائٹ سے احمد آباد سے بنگلور پہنچے۔اس کے بعد راج کوٹ سے 9رکن اسمبلی بھی بنگلور پہنچے۔کانگریس کے ایک رکن اسمبلی کے مطابق کانگریس کو توڑنے کے اپنے گیم پلان میں بی جے پی کامیاب نہ ہو پائے، اس کے لئے پارٹی کے ممبران اسمبلی کو بنگلور بھیجا گیا ہے۔ممبر اسمبلی نے کہا کہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو بی جے پی پیسے اور پولس دباؤ وغیرہ سے توڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔